نئی دہلی3اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آج ریاست بہارمیں جس طرح کی سماجی،سیاسی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے اس کی امیدشایدکسی نے کبھی نہیں کی تھی۔لیکن جب جمہوریت ڈگمگانے لگی اور عوام کے حقوق سلب کرنے کی کوشش شروع ہو ئی تومخلص اورایماندارلوگوں میں سیاسی انقلاب برپاہو ا۔انہوں نے ملک کو اتحاد کا وہ درس دیا جس کی نظیر نہیں ملتی ہے۔اور یہی وجہ ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود اتحاد نے اپنے حریف کو شکست فاش سے دوچارکر کے مثال قائم کی۔سرکار اپنی تمام تر منفعت کو بالائے طاق رکھ کرشراب جیسی ام الخبائث پر مکمل پابندی عائد کر کے ریاست کو امن و آمان کا گہوارہ بنایا ہے۔اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ جنتا دل یو دہلی ایم سی ڈی کے انتخابی میدان میں اتری ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار بہارسے آئے ایم ایل اے اظہار احمد نے اوکھلا شاہین باغ میں امیدوار سروراقبال خان وارڈ 102کی انتخابی ریلی میں کی۔انہوں نے عوام سے کہا کہ آج سماج کو اعلی تعلیم یافتہ سیاسی لیڈر کی ضرورت ہے۔سروراقبال خان علی گرھ مسلم یونیورسیٹی طلبہ یونین کے صدر رہے ہیں اور ان کی پہچان سیکولراور انسان دوست ہمیشہ رہی ہے۔زمانہ تعلیم علمی سے ہی انہوں قائدانہ رول ادا کیا ہے۔اس موقع پر امیدوار سرور اقبال خان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اوکھلا میں اعلی تعلیم یافتہ مسلمان رہتے ہیں جو اب تک بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔کوئی بھی سرکار اوکھلا کے لئے مخلص نہیں ہے،صرف وعدے اور قسمیں کھائی جاتی ہیں لیکن مسائل پر توجہ نہیں دی جاتی ہے۔آج بھی اوکھلا میں بجلی کٹوٹی کا کھیل جاری ہے۔برسوں سے اب تک لوگ پینے کا پانی خرید رہے ہیں،سرکاری اسپتال سے لوگ محروم ہیں جس کی وجہ سے انہیں مہنگے اسپتال میں جیب ڈھیلی کرنی پڑتی ہے۔اتنے بڑے علاقے میں زچہ بچہ اسپتال نہ ہونے کی وجہ سے غریب لوگ کافی پریشان ہوتے ہیں۔اس لئے اوکھلا کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس مرتبہ جے ڈی یو کو لا کر دیکھیں،وہ تمام بنیادی سہولیات جس سے اوکھلا کے عواممحروم ہیں ان سب کے لئے جے ڈی یو آخری سائنس تک لڑ کر پوری کرے گی۔بجلی،پانی،اسپتال،ٹریفک جام،پارکنگ،صفائی ستھرائی،سیور لائن،گلیوں کی مرمت،نئے ٹرانسفرمر کی تنصیب،زچہ بچہ اسپتال وغیرہ کو اولیت دے کرہم کام کرائیں گے۔اس موقع پرزبیر فلاحی،آصف اقبال فلاحی،خالد ندیم،خالد حنیف،سیفی خان،محمد فخرالدین،شاہد علیگ وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔